کارکن اثاثہ، پرامن جمہوری پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں: بلاول بھٹو
لاہور (خبر نگار) چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی کسانوں کو عزت دی، انکو سہولیات دیں۔ پیپلزپارٹی کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔کارکن پیپلزپارٹی کا اثاثہ ہیں۔ پیپلزپارٹی اور کارکنوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ہم پرامن جمہوری پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں آپ سے مخاطب ہوں۔ پیپلزپارٹی کی ممبر شپ مہم کا حصہ بنیں اور اس ملک کو مضبوط کریں۔ پیپلزپارٹی کسانوں مزدوروں کی جماعت ہے۔ ابھی ہولوگرام کے ذریعے آپ کے شہر میں آیا ہوں لیکن جلد ہی خود جلسے کروں گا۔ شاہ جمال مظفرگڑھ کے کسانوں کے مسائل کا بخوبی علم ہے ۔شاہ جمال محنت کش مزدروں اور کسانوں کا علاقہ ہے۔ وہ شاہ جمال مظفرگڑھ میں ہولو گرام کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔