غزہ : اسرائیلی فوج کی حماس کے ٹھکانوں پر بمباری ، 2 فلسطینی شہید
مقبو ضہ بیت المقدس(آن لائن‘ اے ایف پی)اسرائیل اور غزہ کی سرحد کے قریب دھماکے میں چار اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ میں حماس کے اڈوں پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں دو فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران کہا کہ ’غزہ کی سرحد پر واقعہ بہت سنگین ہے، ہم مناسب طریقے سے اس کا جواب دیں گے۔اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے اس کے جنگی جہازوں نے حماس کے چھ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جن میں ایک سرنگ بھی شامل ہے۔فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیلی کارروائی میں حماس کے تین ٹریننگ کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا جس سے دو فلسطینی شہید ہوگئے۔ قابض اسرائیلی حکام نے شہادت کے بعد قبضے میں رکھے دو فلسطینی شہدا ء کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کردیئے ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی پبلک افیئرز کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا شمال مغربی بیت المقدس کے 37 سالہ نمر محمود الجمل اور غرب اردن کے حلحول کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ شہید حمزہ زماعرہ کے جسد خاکی کو ان کے ورثا کے حوالے کیا گیا ہے۔
فلسطین