;اندھیروں کے ذمہ دار نوازشریف ہیں: پیپلزپارٹی‘ اداروں کو دھمکانے کی کوششیں ناکام ہونگی: تحریک انصاف
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے شیخوپورہ میں نوازشریف کی تنقید کا بھرپور جواب دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا جھگڑا لاڈلے کا نہیں انوکھا لاڈلا بننے کا ہے، انوکھا لاڈلا کھیلنے کیلئے اقتدار مانگ رہا ہے، میاں نوازشریف کو جمہوریت نہیں لاڈلا نہ رہنے کا غم ہے۔ نوازشریف اداروں سے تصادم کی راہ پر چل پڑے ہیں، میاں صاحب خود پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کے ذمہ دار ہیں۔ آئی پی پیز کے 23 ہزار میگاواٹ کے معاہدے کس نے ختم کئے۔ مریم نواز کی تقریر پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے ردعمل میں کہا ہے کہ نوازشریف جو زبان استعمال نہیں کرسکتے وہ بیٹی سے کراتے ہیں۔ قوم جانتی ہے مریم نواز کی پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں، نوازشریف کی لوٹ مار کا سب سے زیادہ فائدہ مریم نواز کو ہوا، کسی جج نے فیصلے میں قابل اعتراض زبان استعمال نہیں کی۔ اداروں کو دھمکانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ مریم کی حیثیت نوازشریف کی بیٹی سے زیادہ کچھ نہیں۔
پیپلزپارٹی/ تحریک انصاف