بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے ٹمبر مافیا نے سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر قبضہ کرکے انہیں تباہ و برباد کردیا تحریک انصاف
اسلام آباد (این این آئی‘اے این این) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے اس پر تنقید صرف اس لیے ہورہی ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پی ٹی آئی نے شروع کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے مزیدکہا یہ پہلا ماحولیاتی منصوبہ ہے جسے پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے ٹمبر مافیا نے سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر قبضہ کرکے انہیں تباہ و برباد کردیا ہے، جبکہ تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم پر حملوں کے بجائے پنجاب اور سندھ کے جنگلات کی فکرکرنی چاہیے۔ اے این این کے مطابق حالیہ ضمنی انتخابات میں شکست اور مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے پریشان پارٹی کے اہم رہنماﺅں نے عمران خان کو پنجاب میں جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے مشورہ دیا تحریک انصاف فوری طور پر نئی سیاسی حکمت عملی کے تحت پنجاب میں میدان سجائے۔ جس کے بعد مسلم لیگ ن کے جلسوں کے مقابلے میں جلسوں کا چیلنج پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عمران خان