لاہور قلندرز بے خوف ہو کر میدان میں اترے گی : برینڈن میکلم
لاہور (سپورٹس رپورٹر )لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے کہا ہے کہ ہم اس سال بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلیں گے اور توقع کرتے ہیں کہ ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے کہ ہمارے شائقین ہم پر فخر کر سکیں۔ ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ایونٹ کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کی کارکردگی واجبی رہی اور دونوں ایونٹس میں وہ پوائنٹس ٹیبل پر آخری ٹیم رہے۔گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں ٹیم کے منفی ریکارڈ کے باوجود برینڈن میکلم اس سال عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پراعتماد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے چند بہت اچھے کھلاڑیوں کو سکواڈ کا حصہ بنایا ہے، گزشتہ دو سال ہمارے لیے مایوس کن رہے لیکن اس سال لاہور کے باسیوں اور پوری دنیا سے لاہور قلندرز کو سپورٹ کرنے والوں کیلئے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے۔میکلم نے فخر زمان کو نائب کپتان کی ذمے داری سونپنے پر بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں میں اپنے نائب فخر پر مکمل بھروسہ کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ایک لیڈر کی حیثیت سے وہ بھی عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہیں گے۔