توانائی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: ڈاکٹر نواز شریف
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیاں سرمایہ کاروں کو شاندار مواقع فراہم کرتی ہیں بالخصوص بنیادی ڈھانچے اورتوانائی کے شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بات میسرزجنرل الیکٹرک کمپنی کے پانچ رکنی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جس نے کمپنی کے نائب صدر، سی ای او جان جی رائس کی قیادت میں منگل کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بنیادی ڈھانچے اورتوانائی کے منصوبوں بالخصوص بجلی کی پیداوار میں اضافہ، توانائی کے شعبہ کی استعداد کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنرل الیکٹرک کمپنی پاکستان سے طویل وابستگی رکھتی ہے اور ملک کمپنی کے تجربہ اور مہارت سے استفادہ کررہا ہے ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمپنی نندی پور(525میگاواٹ) اور گدو(747میگاواٹ) سمیت بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبوں کی تکمیل پر سرگرمی سے کام کررہی ہے۔ وزیراعظم نے حکومت کے بجلی کے شعبے سے متعلق کئی بڑے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے جنرل الیکٹرک کمپنی کو بجلی کے دیگرمنصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جو اس وقت زیرغور ہیں ۔ انہوں نے کمپنی کو چیچوکی ملیاںکمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ، گرینج پاور لمیٹڈ کمبائنڈ سائیکل ، آئی پی پی اور شاہدرہ، فیصل آباد اور ملتان میں واقع ’’جینکو ‘‘تھری پلانٹس کو از سر نو تقویت دینے جیسے مختلف منصوبوں کیلئے تعاون کرنے کی بھی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ریلوے کی بحالی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے اس ضمن میں حکومت نے پاکستان ریلوے کیلئے بحالی پیکج کی بھی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کمپنی کو اس کاروباری منصوبے سے استفادہ کرنے کی دعوت دی ۔جان رائس نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں اپنی طویل شراکت داری پر فخر ہے ۔