بلوچستان میں دہشت گردی پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے: پیپلز پارٹی
لاہور (خبرنگار) بلوچستان میں بیرونی ہاتھ ضرور ملوث ہے مگر ہمیں ان میر جعفر اور میر صادق کو ڈھونڈنا ہے جو غیر ملکیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے میں شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا اور نوید چودھری نے نوائے وقت سے گفتگو میں کیا۔ شوکت بسرا نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک دوسرے کو طعنے دینے اور الزام تراشی کی بجائے اکٹھے ہو کر ملک میں امن قائم کرنے کیلئے کوشش کرنا ہو گی۔ نوید چودھری نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کو فرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ دہشت گرد کا کوئی مذہب کوئی فقہ نہیں ہوتا۔