لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ حکمران سرمایہ دارانہ نظام کو پال رہے ہیں۔کاشتکار کو چھوٹے بڑے میں تقسیم کر دیا ہے۔ تم کون ہوتے ہو یہ تقسیم پیدا کرنے والے؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شہزاد سعید چیمہ، چودھری اسلم گل، جمیل منج اور ڈاکٹر عائشہ شوکت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے کیا۔ سید حسن مرتضی نے کہا ڈرو اس دن سے جب شہر میں دودھ، گندم، آلو نہیں جائے گا۔ آپ اپنی عیاشیوں میں پڑے ہوئے ہو۔ ہمارا اصل دشمن تو وہ ہے جس نے ہمارا روز گار چھینا ہے۔ وہ کھاد بیج، پیٹرول مہنگا کرنے کو کہتا ہے، آپ کر دیتے ہو۔ کاشتکار کو پچھلی فصل سے بھی کم سپورٹ پرائس دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ کسان اٹھے تو یہ تحریک تحریک انصاف والی نہیں ہو گی۔ پیپلز پارٹی اپنے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پنجاب کے کاشتکار کا اصل مسئلہ ان پٹس اور اجناس کا ریٹ ہے۔ پنجاب حکومت نے پرائیویٹ مارکیٹ کو بھی حکومتی ریٹ پر گندم خریدنے پر مجبور کیا ہے۔ چین سے جب تک آلات آئیں گے، پنجاب کا کسان تباہ ہو چکا ہو گا۔ مری کو خوبصورت بنانے کے نام پر 27ارب تقسیم کیا جا رہا ہے، بیٹھ کر بات کریں۔ آئین و قانون کے مطابق تجاوزات گرائیں۔ وہاں پر امن جرگے ہوئے، پیپلز پارٹی کے درجن بھر قائدین کیخلاف ایف آئی آر ہوئی۔پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب اس کی پر زور مذمت کرتی ہے۔مہرین انور راجہ،مرتضی ستی، راجہ خضر،ہمایوں مرتضی سمیت درجن بھر افراد کون سی مسلح جدوجہد کر رہے تھے۔پیپلز پارٹی کو پالیسی میکنگ میں ساتھ رکھنا ہو گا،جس نے نقشے پاس کئے اس کے خلاف ایف آئی آر دو۔حسن مرتضی نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی میں ارکان اور وزراء کی بڑھی ہوئی تنخواہیں اور پلاٹ واپس لئے جائیں۔سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں ضرور ہیں مگر عوامی مسائل پر زبان بندی قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ20دسمبر کو ٹرین شہداء گڑھی خدا بخش لیکر جا رہے ہیں۔
حکمرانوں نے کاشتکار کو طبقوں میں بانٹ دیا، سرمایہ دارانہ نظام کو پال رہے: پیپلز پارٹی
Dec 19, 2024