پاک سری لنکا ، دوسراٹیسٹ میچ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،دونوں ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد
کراچی:پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں دس بجے شروع ہو گا۔دونوں ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم کراچی پہنچ گئی۔ دو ٹیسٹ میچز پرمشتمل سیریز 0-0 سے برابر ہے۔
پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا سفر جاری ہے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے سلسلہ میں کراچی میں موجود ہے جہاں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جا نے والے میچ میں دونوں ٹیموں کےکپتان فتح کے لیے پر امید ہیں۔ دو ٹیسٹ میچز پرمشتمل سیریز 0-0 سے برابر ہے۔اس موقع پر کراچی میں مختلف سڑکوں کو پوسٹرز اور لائٹوں سے سجایا گیا ہے جب کہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سیکورٹی کے بھی غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔تاہم میچ تقریبا تین روز تک بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوتا رہا اور روشنی کی کمی کی مشکل بھی درپیش رہی جس کے باعث میچ کو وقت سے پہلے ختم کرنا پڑتا رہا تاہم سری لنکا نے کھیل کے پانچویں اور آخری روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنا کراپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ جس میں سب سے زیادہ سکور ڈی سلوا نے بنایا ، انہوں نے 166 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ان کے علاوہ اوپننگ پر آئے کرونارتنے 53 ، فرنینڈو 40 ، میتھیوز 31 ، ڈک ویلا 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ پاکستان کی جانب شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کے 308 رنز کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے آخری روز 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے جس میں عابد علی 109 اور بابر اعظم 102 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ اوپننگ پر آئے شان مسعود بغیر کوئی سکور بنائے پولین لوٹ گئے ، کپتان اظہر علی صرف 36 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئےتھے۔