قوم کے لئے قربانی دینے والوں کا کوئی ثانی نہیں,قوم پولیس کے جوانوں پر فخر کرتی ہے: شہریار آفریدی
وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ڈرگ مافیا اور قبضہ مافیا کو عبرت کا نشانہ بنائیں گے‘ قوم کے لئے قربانی دینے والوں کا کوئی ثانی نہیں‘ ماضی کی حکومتوں نے پولیس کو ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا‘ پہلی دفعہ 357 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی‘ معاشرے سے منشیات کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری.نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور بھی نہ کرے‘ پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں۔ بدھ کو وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے پولیس لائن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک کی نہ صرف طاقت ہیں بلکہ آپ ملک کی سلامتی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ میری ذمہ داری ہے کہ آپ کو عزت دی جائے آپ کو بہترین سہولیات اور ماڈل پولیس بنایا جائے قوم پولیس کے جوانوں پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا اسلام آباد پولیس آئندہ آنے والے وقتوں میں مثالی پولیس ہوگی۔ آپ کو سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس بنانے کے لئے شہداءکا کوٹہ بھی شامل کریں گے۔ قوم کے لئے قربانی دینے والوں کا کوئی ثانی نہیں۔ اسلام آباد پولیس دنیا کی بہترین پولیس جانی جائے گی۔ انہوں نے کہا شہیدوں کے ورچاءکو عزت دی جائے گی آپ کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یہ نیا پاکستان ہے اس میں آپ کو عزت سے نوازا جائے گا پہلی دفعہ پاکستان کی تاریخ میں گرینڈ آپریشن کرکے قبضہ مافیاسے قبضہ چھڑایا گیا۔ ڈرگ ناسور انسانیت کے لئے ناسور ہے پہلی دفعہ قبضہ مافیا کو عبرت کا نشان بنایا گیا۔ جو یہ سوچتے تھے کہ یہ پاکستان ہے سب کچھ چلے گا اب یہ سوچ نہیں چلے گی یہاں صرف قانون چلے گا۔ انہوں نے کہا ڈرگ مافیا لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں۔ معاشرے سے منشیات کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے قبضہ مافیا سے ایک ایک ذرہ کلیئر کریں گے۔ بڑے مگر مچھوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے قبضہ مافیا اور ڈرگ مافیا کو عبرت کا نشان بنا کر ملک کو صاف کریں گے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر بڑے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا ہے۔ پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں جو کیس عدالت میں چلا جائے اس پر عدالت ہی فیصلہ کرسکتی ہے وزارت داخلہ یا وزیراعظم نہیں۔