عربی زبان کے فروغ کیلئے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عربی زبان دنیا کی خوبصورت زبانوں میں سے ایک ہے ۔ اگر قرآن کو اس کی زبان میں سمجھے جانے کی صلاحیت ہو تو بہت ساری غلط تشریحات سے بچا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار’’ عربی زبان کے عالمی دن ‘‘کے موقع پرمنعقدہ واک سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا ۔صدر گرین پاکستان ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر ،صدرپاکستان ہندو کونسل ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار، ڈائریکٹر کریکٹر ایجوکشن فاؤنڈیشن انعام الحق مسعودی ،صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اسلام آباد غفران الہٰی ،صدرپرائیویٹ اسکولزنیٹ ورک ڈاکٹر افضل بابر ،عبیدا لرحمان ڈائریکٹر معھد اللغتہ العربیتہ ، زاہد بشیر ڈار نیشنل ایسوسی ایشن آف پرایئویٹ سکولز ، عبدالوحید خان میڈیا سیکرٹری پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سمیت کثیر تعداد میں سکولوں کے طلبہ اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ واک کا اہتمام قرآن کی تعلیم اور عربی زبان پر کام کرنے والے ادارے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن ، ایمز فاؤنڈیشن ، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز اور اسکول نیٹ ورکس کے اشتراک سے کیا گیاتھاواک کا آغاز کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال سے کیا گیاجو ڈی چوک جا کر اختتام پذیر ہو گئی۔ شرکاء نے عربی زبان کی اہمیت پر بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے ۔ اس موقع پر اقلیتی ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے عربی زبان کی فصاحت و بلاغت اور قدیمی زبان کو عالمی ورثہ قرار دیا ۔ صدر گرین پاکستان ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر نے عربی زبان کو اسلامی علوم و فنون کا شاہکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عربی زبان کی ترقی و ترویج ترقی کے ساتھ لازم و ملزوم ہے ۔جنرل منیجر کریکٹر ایجوکشن فاؤنڈیشن طیب صدیقی نے کہا کہ عربی زبان دنیا کی پانچویں بڑی زبان ہونے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ پڑھی جانے والی معتبر اور مکرم کتاب قرآن مجید کی زبان بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عربی زبان کے فروغ کے لئے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور دیگر تمام ادارے مل کر قرآن کی نصاب سازی اور عربی زبان کی ترویج کے لئے مصروف عمل ہیں ۔ اس موقع پرصدر پرائیویٹ اسکول نیٹ ورکس ڈاکٹر افضل بابر نے کہا کہ عربی زبان ، زبان قرآن کے ساتھ فنون اور ادب کی بہترین زبان ہے اور اس زبان کو تعلیمی نصاب میں ممتاز مقام ملنا ضروری ہے ۔ غفران الہٰی نے کہاکہ ہمیں اس زبان کے فروغ کو ترجیح دینا چاہئے ،اس موقع پرعبدالوحید خان اور زاہد بشیر ڈار نے بھی عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر عربی زبان کی تحسین کی۔