دہشت گردی کے خلاف قوم متحد
اتوار16 دسمبر2018ء کو قوم نے سانحہ اے پی ایس پشاور کی چوتھی برسی منائی۔ آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہداء کی یاد نے پوری قوم کے زخم تازہ کردیئے۔ ہر ذی شعور کی آنکھ پرنم سے غمزدہ والدین اپنے شہید بچوں اور شہداء کے عزیز اپنے پیاروں کو یاد کرکے روتے رہے۔ سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے دعائیہ تقریب منعقد کی گئیں۔ یادگار شہداء پر قرآن و خوانی فاتحہ خوانی شمعیں روشین کی گئیں۔ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کی ایک تلخ حقیقت اور یوم سیاہ ہے۔ ہم سب کے لئے المیہ ہے چار سال قبل ملک کے حالات انتہائی ناسازگار تھے۔ پاکستان کی امن و سلامتی دائو پر لگی ہوئی تھی۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ مملکت خداداد جمہوریہ پاکستان لازوال قربانیوں اور جدوجہد کا ثمر ہے اور ان قربانیوں کا تسلسل کسی نہ کسی طور آج بھی جاری ہے۔ ملک و قوم کی امن و سلامتی کے لئے اور انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لئے ہمیں ہر قربانی کا عزم کرنا ہوگا۔ سانحہ اے پی ایس ایک قومی المیہ کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے قوم اے پی ایس کے شہداء اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ معصوم طلباء اور اساتذہ کی قربانی نے قوم کو بیدار کیا‘ متحد کیا اور دہشتگردی کے خلاف وحد کو جنم دیا اور افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے مختلف آپریشنز کرکے دہشت گردوں کو شکست دی اور منطقی انجام تک پہنچایا۔وزیراعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس کے موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ا س عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو فرقہ واریت‘ لسانیت اور رنگ و نسل سے پاک معاشرہ بنائیں گے اور انتہا پسندی اور تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بحیثیت قوم ملکی و عالمی امن کے لئے پاکستان پرعزم ہے۔ تعلیم سے ہی انتہا پسندی اور دہشت گردی مشتعل طور پر مات دے سکتے ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف بھاری قیمت چکائی ہے پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے ہمیں متحد اور پرعزم رہنا ہوگا۔ پاکستان کی اصل منزل امن ‘ سلامتی خوشحالی ہے اور یہی ہمارا عزم ہے۔16 دسمبر2014ء کے دن سفاک درندوں نے معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی اور آرمی پبلک اسکول پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا۔ ان بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے حصول کے لئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی۔ آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں نے بہادری اور جرات کی نئی تاریخ رقم کی اور قیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے اور قوم کے بہادر بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کو امن نصیب ہوا۔ پوری قوم آج آرمی پبلک اسکول پشاور کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ قوم آرمی پبلک اسکو ل کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔قوم نے سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی منائی۔ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔ معصوم بچوں کے ناحق بہنے والے خون کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے۔ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلاپائے گی۔ شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جس کے لئے پوری قوم متحد ہے اور پرعزم ہے کہ دہشت گردوں کو شکست دینا ہے۔ شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کامکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔