مکرمی :آج کا انسان آگے بڑھنے کی دھن میں ہر لمحہ سرگرم عمل دکھائی دیتا ہے، چاہے وہ کھیل کا میدان ہو، کمرہ امتحان یا پیشہ ورانہ زندگی آگے نکلنے کی اس دوڑ میں وہ اکثر ’’افسردگی‘‘ یا ’’بے چینی‘‘ یعنی ’’ڈیپریشن اور اینگزائٹی‘‘کا شکار ہو جاتا ہے۔بدلتے وقت کے ساتھ زندگی کے دوسرے پہلوؤں کی طرح تعلیمی میدان میں بھی مقابلہ سخت سے سخت تر ہوتا جا رہا ہے۔ جہاں کچھ بچے اس مقابلے میں ’’پوزیشنز‘‘ کے حقدار قرار پاتے ہیں۔ وہیں کچھ بچے اس دوڑ میں اپنے ہم عصر طلبہ سے بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔اس کی بہت سی وجوہ ہو سکتی ہیں جیسا کہ وسائل کی کمی، ذہانت کا اوسط سے کم ہونا یا والدین کا بچے کا کسی ایسے مضمون میں داخلہ کروا دینا جو اس کی پسند یا ذہنی صلاحیت سے مطابقت نہ رکھتا ہو وغیرہ شامل ہیں۔ ایسے میں والدین کی توقعات پر پورا نہ اترنے کا خوف یا امتحانی مواد کا بچے کی ذہنی صلاحیت سے بالاتر ہونا، تعلیم میں عدم دلچسپی، توجہ مرکوز نہ کر پانا، ’’ٹیسٹ اینگزائٹی‘‘ کا باعث بنتے ہیں جو خودکشی کے رجحانات کو فروغ دینے کی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔ 2002ء میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تحت پاکستان میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق قریباً 15000 طلباء نے امتحانات کے خوف سے خود کو موت کے گھاٹ اتار لیا۔ اس کے علاوہ قریباً ایک لاکھ پندرہ ہزار طلباء نے امتحان کے خوف سے خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جو کہ ناکام ثابت ہوئی۔ ٹیسٹ اینگزائٹی ایک ایسی کیفیت ہے جس میں بچہ ٹیسٹ دیتے وقت شدید بے چینی محسوس کرتا ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اس مسئلے کو یکسر نظرانداز کیا جاتا ہے جو کہ خطرے کی علامت ہے۔ امتحان کے دوران شدید تناؤ کے باعث بچے یاد کیا ہوا مواد بھول جاتے ہیں، نتیجتاً ناکام ہو جاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق نصاب کا بہت زیادہ ہونا، امتحان کا دورانیہ کا طویل ہونا اور بچوں میں جسمانی سرگرمیوں کا کم ہونا بھی ٹیسٹ اینگزائٹی کی وجوہ ہو سکتی ہیں۔2009ء میں کراچی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق میڈیکل کے بہت سے طلباء ٹیسٹ اینگزائٹی کو کم کرنے اور خود کو پرسکون کرنے کے لئے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں جن میں عبادات کرنا، ٹی وی دیکھنا، موسیقی سننا، دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا اور خود کو متحرک رکھنے کی مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو ذہنی صلاحیتوں کے مطابق ان سے توقعات وابستہ کریں، ان کا موازنہ ان کے ساتھی طلبہ سے کرنے سے اجتناب کریں ان کو وہی مضمون منتخب کرنے دیں جو ان کے مزاج اور اہلیت سے مطابقت رکھتا ہو۔(دوریہ انعم ، اسلام آباد)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024