پانچ ماہ کے دوران تیل کے درآمدی بل میں 17.63 فیصد اضافہ، کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھ گیا
لاہور (اے پی پی )پاکستان نے رواں مالی سال 2018-19کے پہلے پانچ ماہ جولائی سے نومبر تک 6.5ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کیں جو گزشتہ مالی سال کے دوران5.6ارب ڈالر تھیں۔ شماریاتی بیورو پاکستان کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کے تیل کے درآمدی بل میں 17.63فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ملک کی دیگر درآمدات پر بھی دبائو بڑھ گیا ہے‘شماریاتی بیورو پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق ایک سال میں تیل کی مصنوعات کی درآمد میں 900ملین ڈالر کا اضافہ ہواہے جبکہ تیل کی درآمدات میں اضافے کے باعث ملک کی مجموعی درآمدات رواں مالی سال کے صرف پانچ ماہ میں23.6ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ بیورو پورٹ میں کہا گیا درآمدی بل میں اس اضافے کے نتیجے میں کرنٹ اکائونٹ خسارے کا حجم بھی بڑھا ہے جو اس وقت حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی وجہ سے تمام شعبوں میں امپورٹس ٹیبل پر منفی گروتھ نظر آ رہی ہے۔