پنجاب میں سرکاری افسروں اور ملازمین کے احتساب کیلئے خودمختار کمشن بنانے کا فیصلہ
لاہور(خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت نے سرکاری افسران اور ملازمین کے احتساب کے لیے ایک آزاد اور خودمختار کمشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جو نہ صرف تحقیقات کرے گا بلکہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے افسران کو سزائیں بھی دے سکے گا۔کونفلیکٹ آف انٹرسٹ ایکٹ 2018 کے تحت بننے والا یہ کمشن سرکاری افسران کے فرائض اور نجی مفادات کا فرق واضح کرے گا۔کمشن ایک چیئرمین اور دو ممبران پر مشتمل ہوگا۔ چیئرمین وہ شخص ہوگا جو ہائیکورٹ کا جج بننے کا اہل ہوگا جبکہ ممبران میں ایک گریڈ 20 کا ریٹائرڈ سول سرونٹ جبکہ دوسرا فنانشل مینجمنٹ کا ماہر ہوگا۔کوئی بھی شہری فرائض سے ہٹ کر اختیارات کے استعمال پر سرکاری افسران کے خلاف کمشن میں شکایت درج کراسکے گا۔اس آزاد کمشن کے بل کا مسودہ مزید قانون سازی کے لیے سپیشل کمیٹی نمبر ون کے سپرد کردیا گیا۔