کام نہ کرنے والے عدالتی افسروں کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہو گی: نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد انوار الحق نے کہا کہ بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ آئین اور قانون کے مطابق فرائض سر انجام دئیے اور میرٹ پر کام کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ نامزد چیف جسٹس سردار شمیم خان کا خطاب ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے، نامزد چیف جسٹس نے عدالتی افسروں کے لئے درست سمت کا تعین کر دیا ہے۔ اس پر سب کو عمل کرنا ہوگا۔ نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا ہے کہ کام نہ کرنے والے عدالتی افسروں کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی، انہیں اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ عدالتی افسروں کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد انوار الحق اور نامزد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سردار شمیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے تعاون کے بغیر سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن نہیں، کام نہ کرنے والے عدالتی افسروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا انہیں اپنے آپ کو بہتر بنانا ہوگا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس انوار الحق نے سی ٹی او آفس میں ڈرائیونگ لائسنس بنوایا، انہوں نے نئے لائسنس کے علاوہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بھی بنوایا۔