فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جرائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ عالمی پارلیمنٹ ۔ اسرائیل منظم سازش کے تحت بیت المقدس اور فلسطین کی تاریخی جغرافیائی حیثیت کو ختم کر رہا ہے۔ استنبول اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ۔
فلسطین کیخلاف صہیونی ریاست کے جرائم کو بے نقاب کرنے کے لئے ترکی کے شہراستنبول میں منعقد ہونے والی اس عالمی پارلیمنٹ کے اجلاس میں 80 ممالک کے 500 سے زیادہ ارکان نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں دنیا کے سامنے اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضہ اور 70 سال سے جاری فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف یہ ایک موثر آواز ہے۔ اب اسرائیل کے معاون اور مدد گار امریکہ سمیت ان ممالک کو اس پر توجہ دینا ہو گی جو اسرائیل کی نہ صرف پشت پناہی کرتے ہیں بلکہ اس کی طرف بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دینے کے بعد اپنے سفارتخانے وہاں منتقل کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ خود اسلامی ممالک نے فلسطین کے مسئلہ پر ڈھیلا ڈھالا موقف اختیار کر رکھا ہے۔ کئی اسلامی ممالک کے جن میں ترکی خود بھی شامل ہے‘ اسرائیل کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ اگر او آئی سی کے رکن اسلامی ممالک فلسطین کے مسئلہ پر اسرائیل کیخلاف متفقہ سخت اقدامات کریں تو امریکہ اور دیگر اسرائیل نواز مغربی ممالک کو بھی اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔اس مقصد کے لئے اسلامی ممالک کو یکجا ہو کر سخت اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ دنیا کے لئے سخت پیغام جائے اور وہ اسرائیل کو فلسطین کی جغرافیائی اورتاریخی حیثیت ختم کرنے سے باز رکھ سکیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024