سیاسی ماحول کے باعث قومی مالیاتی ایوارڈ کی تشکیل میں تاخیر ہوئی : وزیر مملکت حنا ربانی کھر
لاہور (کامرس رپورٹر) وزیرمملکت برائے اقتصادی امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ قومی مالیاتی ایوارڈ کی تشکیل سیاسی ماحول کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی ہے تاہم موجودہ حکومت ایک سال میں نیا قومی مالیاتی ایوارڈ تشکیل دے دیا جائے گا وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل ٹیکس پالیسی کانفرنس کے دوسرے روز خطاب اور اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ صوبوں کو زیادہ سے زیادہ وسائل دیئے جائیں اوران کے مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجٹ کے تحت قرضے لئے ہیں جبکہ آئی ایم ایف سے قرضہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی قیمت میں کمی اور ٹرانسپورٹ کے کرایے بھی کم کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی ہے انہوں نے کہا کہ افراط زر درآمد کی بنیاد پر بڑھا اور آئندہ 6 ماہ میں افراط زر کی شرح میں کمی ہوگی۔ قبل ازیں انہوں نے کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ریونیو بڑھتے ہوئے اخراجات کے مطابق نہیں ہیں۔ قومی مالیاتی ایوارڈ کافی عرصے سے متنازعہ ہے اگر بین الاحکومتی سطح پر ٹیکس اصلاحات کریں تو وسائل کی بہتر تقسیم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے زراعت کے حوالے سے ایک آئینی مسئلہ ہے اس پر کھلی بحث ہوسکتی ہے اس ضمن میں آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔