سیکرٹری زراعت کا سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ

ملتان ،ڈیرہ غازیخان، راجن پور( خبر نگار خصوصی،بیورو رپورٹ، نمائندہ نوائے وقت) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے راجن پور کا دورہ کرکے رودکوہیوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیااس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ سیلاب کی وجہ سے کپاس سمیت مختلف فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امسال ضلع راجن پور میں 2 لاکھ 57 ہزار 67 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوئی ہے جس میں سے رودکوہیوں کے سیلاب سے 48270 ایکڑ جبکہ دریائی سیلاب سے 178 ایکڑ متاثر ہوئے ہیں۔ روجھان میں 65838 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہے جس میں سے روکوہیوں سے 369 ایکڑ رقبہ پر کپاس کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ سیلاب کی وجہ سے ڈی جی خان ڈویڑن میں کپاس کے 60784 ایکڑ، تل 9953 ایکڑ، مونگ 18217 ایکڑ، دھان 8153 ایکڑ اور چارہ جات کے 11044 ایکڑ سمیت مختلف کاشتہ سبزیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصل بیمہ (تکافل) پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو ناگہانی آفات سے پیداوار میں نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔