وزیراعظم عمران خان ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام میں (کل) جمعہ کو توسیع کا اعلان کریں گے۔ وزیراعظم ملتان، گوجرانوالہ اور لاہور میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لوگوں کیلئے خوراک کے4 ٹرکوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک ظہیر عباس کھوکھر وزیراعظم کو پروگرام میں توسیع کے بارے میں بریفنگ دینگے۔ احساس پروگرام کے تحت 5 شہروں میں 12 ٹرکوں کے ذریعے مستحقین کو دو وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔
پروگرام کے تجربے کو اب وسعت دے کر مزید7 شہروں میں پھیلایا جائے گا جن میں ملتان، گوجرانوالہ اور لاہور بھی شامل ہیں، 4 مزید ٹرکوں کی شمولیت کے بعد اس منصوبے میں شامل ٹرکوں کی تعداد 16ہوجائے گی۔ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ اس سال اکتوبر تک ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کو چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دی جائے گی جبکہ خوراک کی گاڑیوں کی تعداد 40 تک پہنچ جائے گی۔”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا مقصد مزدوروں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لوگوں کو مفت خوراک کی فراہمی ہے۔