کراچی کی اہم شاہراہوں پر سیوریج کا پانی جمع ہونے سے کچھ مقامات پر سڑکیں بیٹھ گئیں جب کہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے۔
زیب النساء اسٹریٹ سے کریم سینٹر جانے والی سڑک، سینٹ پیٹرک چرچ کے سامنے والی سڑک اور کوریڈور تھری پارکنگ پلازہ کے قریب بھی سڑک پر گڑھے پڑ گئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
اس کے علاوہ دیگر مقامات کی سڑکیں بھی سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث خراب ہوچکی ہیں۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر کئی دن سے سیوریج کا پانی جمع ہے جسے ٹریفک پولیس نے حفاظتی بیرئیر لگاکر متاثرہ جگہ کو کورکردیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سندھ حکومت پر اس حوالے سے سخت تنقید بھی کی گئی۔
جب کہ حال ہی میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔