سری نگر: مقبوضہ وادی میں کرفیو کا 15واں روز، چار ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا گیا، وادی میں جیلیں کم پڑ گئیں۔ کئی علاقوں میں مظاہرین کرفیو توڑ کر باہر نکل آئے۔فورسز سے جھڑپوں میں ایک کشمیری شہید درجنوں زخمی ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آنسو گیس کی وجہ سے دم گھٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مظاہروں کے دوران ایک اور لڑکے نے گرفتاری سے بچنے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اب تک چار ہزار سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس متنازع قانون کے تحت حکام کسی بھی شخص کو کم از کم دو سال تک مقدمہ چلائے بغیر حراست میں رکھ سکتے ہیں۔ حکومتی حراستی مراکز اور قید خانوں میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو کشمیر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔