کراچی پر مصنوعی قیادت مسلط کی جارہی ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (این این آئی) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی میں مصنوعی قیادت کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، غیر مہاجر افراد جن کا نہ تو کراچی سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کراچی کیلئے ان کی کوئی خدمات ہیں وہ کچرے کے نام پر گٹر کے ڈھکنوں کے نام پر خود کر کراچی کا نمائندہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیںلیکن کراچی کے عوام ان پیداگیروں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں ، کبھی بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی مہاجروں کا قلعہ ہے کوئی اس کی فصیلوں پر چڑھ کر یہ سمجھتا ہے کہ وہ اسے زیر کرلے گا تو وہ اس کی غلط فہمی ہے ۔ کراچی کے مہاجر ہی ملک کی سیاست کا تعین کرتے ہیں ۔ ماضی میں بھی ظالم اور بدعنوان حکمرانوں کیخلاف کراچی کے عوام نے ہی فیصلہ کن تحریکیں چلائی ہیں اور اب بھی مہاجر ہی فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں لیکن کچھ قوتیں ان عناصر کو کراچی کی سیاست میں مسلط کررہی ہیں جن کا نہ تو ماضی کراچی سے وابستہ ہے اور نہ کراچی میں ان کا کوئی مستقبل ہے۔ وہ صرف اور صرف ناجائز دولت اور مہاجر دشمنی میں کراچی کے مہاجروں کو نقصان پہنچانے کیلئے لائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے 35 سال گزر جانے کے باوجود مہاجروں کا ایک مسئلہ بھی حل نہیں کیا گیا بلکہ مہاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے سندھ اور ملک کے کونے کونے سے غیر مہاجروں کو لاکر کراچی کی حیثیت کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ مہاجر دانشور ، صحافی، وکلاء ، تاجر ، بیوروکریٹس اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس صورتحال کا ادراک کریں ورنہ پھر سر پیٹنے سے بھی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔