چرم قربانی میں اضافہ کارکنان کی محنت کا نتیجہ ہے:محمد اسحاق خان
کراچی (نیوز رپورٹر) عید الاضحی رب کی خوشنودی اور رضا کی خاطر سب کچھ قربان کردینے کا نام ہے۔ یتیموں اور بے سہارا و بے کس لوگوں کے لئے اپنے عید کے دن قربان کرنے والے کارکنان تحریک کا اثاثہ ہیں۔کارکنان نے جس جذبے اور لگن سے چرم قربانی مہم میں حصہ لیا وہ قابل ستائش ہے۔چرم قربانی میں اضافہ کارکنان کی محنت اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کی رفاہی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔آفات سے بچائو،صحت تعلیم رزوگار کی فراہمی اوریتیموں کی کفالت میں الخدمت کا کوئی ثانی نہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان نے اورنگی ٹائون میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محمد اسحاق خان نے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے چرم قربانی مہم سے ہونے والی آمدنی کی رقم صحت تعلیم رزوگار کی فراہمی ،یتیموں کی کفالت، آفات سے بچائو،صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر سماجی خدمات کی فراہمی پر خرچ کی جائیگی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی ضلع غربی کی عوام نے چرم قربانی دے کر الخدمت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔