گجرات: 20 سالہ مبینہ ڈاکو لوگوں کے تشدد سے ہلاک‘ انکوائری ٹیم تشکیل
گجرات (نامہ نگار) تھانہ سول لائن کے علاقہ مغل کالونی میں مکینوں نے مبینہ ڈاکو کو پکڑ کر چھریوں، ڈنڈے کے وار کر کے ہلاک کر ڈالا۔ تفصیل کے مطابق مغل کالونی کے بہادر مسیح کے گھر میں چھری سے مسلح ملزم مسکین خان ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوا۔ مزاحمت پر ملزم نے بہادر مسیح اور اس کی دو بیٹیوں کو زخمی کر دیا۔ دوران مزاحمت مسکین خان بھی زخمی ہو گیا۔ اہل خانہ کے شور مچانے پر مسیحی برادری اکٹھی ہو گئی اور انہوں نے مسکین خانہ سکنہ سوات کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تھانہ سول لائن پولیس نے تمام زخمیوں کو عزیز بھٹی ہسپتال منتقل کرکے 20 سالہ ملزم کے خلاف ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب پولیس ملزم کو حالت سنبھلنے پر ہسپتال سے تھانہ سول لائن لے گئی جہاں دوبارہ حالت بگڑنے پر اسے ہسپتال لیجایا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقدمہ میں ضمنی ترمیم کے ذریعے مدعی بہادر مسیح اور اس کے رشتہ داروں نذر حسین، سلیمان کو گرفتار کر کے انکے خلاف ہلاکت کا الگ مقدمہ مسکین خان کے چچا کی مدعیت میں درج کر لیا۔ دوسری جانب ڈی پی او گجرات سید توصیف حیدر نے واقعہ کی انکوائری کیلئے ایس پی کی زیر نگرانی انکوائری ٹیم ترتیب دیدی ہے ۔