کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب تر ہوگئی ہے،حامد موسوی
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ مودی نے آرٹیکل 370کے خاتمے کی جسارت کرکے کشمیر کی تحریک حریت میں نئی روح پھونک دی ہے ، کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب تر ہوگئی ہے ، سلامتی کونسل کے اجلاس سے یہ ثابت ہوگیا کہ کشمیر بھارت کا ندرونی مسئلہ نہیں اور دنیا نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرلیا، قاسم مسجد کوئٹہ میں دھماکے سمیت بلوچستان میں دہشت گردی اور شورش بھارت کے نصف صدی پرانے ’کاؤپلان ‘ کا شاخسانہ ہے قومی یکجہتی سے ہر مکروہ پلان ناکام بنا نا ہوگا ،سلامتی کونسل کا اعلامیہ کشمیر کو نگلنے کے خواہشمند مودی کے منہ پر طمانچہ ہے، ثالثی کے اعلان کرنے والی قوتیں آج کس منہ سے کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دے رہی ہیں ؟اقوام متحدہ مشرقی تیمور و جنوبی سودان کی طرح کشمیر میں استصواب رائے کرانے میں تا خیر نہ کرے، بھارتی افواج کو کشمیر سے نکلوایا جائے ، اسیروں کو رہا کیا جائے ، کشمیریوں کے خلاف مظالم کے مرتکب بھارتی نیتاؤں پر جنگی جرائم کے مقدمے چلائے جائیں ،کشمیری ماؤں بیٹیوں میں زینبی روح بیدا رہو چکی ہے کوئی طاقت کشمیریوں کو زیادہ عرصہ محکوم نہیں رکھ سکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواسی رسول سیدہ زینب بنت علی ؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے ملک گیر’یوم شریکۃ الحسین ؑ ‘ کے موقع پر مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔