ادارہ فروغ قومی زبان اور اکادمی ادبیات میں بھی شجرکاری مہم شروع
اسلام آباد(نا مہ نگار)حکومت پاکستان کی طرف سے شروع کردہ ’’تحریک سرسبز و صاف پاکستان‘‘ کے سلسلے میں ادارہ فروغ قومی زبان سبزہ زار میں شجرکاری مہم کی تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے پودا لگا کر اس تحریک کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تحریک سر سبز و صاف پاکستان سے نہ صرف ملک سے آلودگی کا خاتمہ ہو گا بلکہ آنے والی نسلوں کو پاک و صاف ماحول میسر ہو گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر انجم حمید و دیگر رفقائے کار عارف حسین، سید سردار احمد پیرزادہ، محبوب بگٹی، کامران مشتاق، منظور احمد، تجمل شاہ، محمد ریاض، محمد شہزاد، نثار احمد، فضل الرحمن اور تحصیل خان نے بھی پودے لگائے۔ تقریب میں خصوصی طور پر آئے مہمان مائرہ علی، علیا علی، عائشہ شاہ اور عبدالرحمن نے بھی اس موقع پر مہم کے سلسلے میں بھی پودے لگائے۔دریں اثناء اکادمی ادبیات پاکستان میں پودے لگانے کا اہتمام کیا گیا۔ انتظامیہ نے صدر دفتر بلڈنگ میں موجود سبزہ زار میں گنجائش کے مطابق دو درجن کے قریب مختلف اقسام کے پودے لگائے۔ اس موقع پر چیئرمین سید جنید اخلاق،افسر انتظامیہ،دیگر سٹاف ممبران اور سینئراہل قلم بھی موجود تھے۔