سیکٹر سی پندرہ ، بلٹ اپ پراپرٹیز کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(وقائع نگار) سی ڈی اے نے سیکٹر سی پندرہ میں ترقیاتی کام فوری شروع کرنے کیلیے 2016ء کے ایوارڈ کے مطابق بلٹ اپ پراپرٹیز کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کو سیکٹر سی پندرہ کا قبضہ حاصل کرنے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے جس کے لیے 2016ء کے بلٹ اپ پراپرٹی کے ایوارڈ کے مطابق متاثرین کو پانچ مرلہ کے پلاٹس دیے جائیں گے سابق ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے راجہ سلیم نے ایوارڈ میں تین لسٹیں بنائی تھیں جس میں لسٹ اے اور بی کے متاثرین کو دستاویزات مکمل کرنے پر فوری پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے سی ڈی اے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ پلاٹس کی الاٹمنٹ کے فوری بعد سیکٹر کا قبضہ حاصل کرلیا جائے گا جس کے لیے مقامی افراد سے ریونیو عملے نے مذاکرات بھی مکمل کرلیے ہیں۔ سی ڈی اے حکام نے سیکٹر سی پندرہ میں ترقیاتی کام بھی شروع کرنے کے لیے سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو احکامات جاری کردیے ہیں۔