جرمنی: سانپ ٹرانسفارمر میں داخل،تار کاٹ دیئے،بجلی منقطع
برلن(نوائے وقت رپورٹ)جرمنی میں ایک لمبے سانپ نے بجلی کے ٹرانسفارمر میں گھس کر تار کاٹ دیئے جس کے نتیجے میں سیکڑوں گھر تاریکی میں ڈوب گئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ جرمنی کے صوبے برندن برگ میں پیش آیا جہاں اچانک بجلی غائب ہوگئی ۔الیکٹرک کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام ہائی ٹینشن وائر درست حالت میں تھے اور کوئی گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ نہیں ہوا تھا اسی طرح مقامی سطح پر بھی تار ٹوٹنے کی کوئی اطلاع نہ تھی، کمپنی کے اہلکار بجلی منقطع ہونے کی وجہ کی تلاش کے دوران ایسے ٹرانسفارمر تک پہنچے جس میں ایک لمبا اور خطرناک سانپ موجود تھا۔ علاقے کی بجلی کی بحالی کے لیے الیکٹرک کمپنی کے اہلکاروں کے علاوہ وائلڈ لائف سے بھی مدد لی گئی ہو۔ وائلڈ لائف نے سانپ کو ٹرانسفارمر سے نکالا جس کے بعد الیکٹرک اہلکاروں نے ٹرانسفارمر کی مرمت کرکے علاقے کی بجلی بحال کردی۔