سکیورٹی کی مثبت رپورٹ، سری لنکا پاکستان میں کرکٹ کیلئے تیار
سکیورٹی وفد کی مثبت رپورٹ۔ سری لنکا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے تیار۔مثبت رپورٹ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ سکتی ہے۔ ٹیم بھیجنے سے قبل پی سی بی سے کچھ متبادل صورت پر بھی بات کی جائے گی۔ حکومت سے بھی صلاح و مشورہ کیا جائے گا۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی پیشکش کے بعد سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنا جو وفد پاکستان بھیجا تھا اس نے سکیورٹی کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے جو دروازے بند ہوئے تھے اب وہ بہتر صورتحال کے بعد دوبارہ کھلنے لگے ہیں۔ اب پی سی بی دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطے کر کے ان کو بھی اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے پر آمادہ کرے۔ اس طرح عالمی سطح پر بھی یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے۔ یوں پہلے کی طرح پاکستان کے کھیلوں کے گرائونڈ آباد ہوں گے اور عوام کو کھیلوں کے بہترین مقابلے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ اس کے ساتھ ہمیں ایسے ملک دشمن عناصر پر بھی نگاہ رکھنی ہو گی جو پاکستان کا امیج خراب کرنے کے لیے سازشیں کرتے رہتے ہیں اور حالات خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔