پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ میں عمران خان اور کراچی کا مشکور ہوں‘ تحریک انصاف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کریگی‘ عوام تسلی رکھیں جلد تبدیلی آئے گی‘ ہر صوبے میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے گا‘ عوام سے تعلق برقرار رکھوں گا۔ وہ اتوار کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ میں پاکستانی عوام کو تسلی دیتا ہوں کہ وہ ساتھ دیتے رہیں بہت جلد تبدیلی آجائے گی جس میں تعلیم‘ صحت‘ گھر اور نوکریاں جن کا تحریک انصاف نے وعدہ کیا وہ فراہم کی جائیں گی۔ تبدیلی کا راستہ کھلا ہے عمران خان آج روڈ میپ کا تعین کریں گے۔ صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے گا عوام سے تعلق ختم نہیں ہوسکتا۔ صدر رہ کر بھی تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔ کراچی میں بالخصوص ٹرانسپورٹ‘ پانی‘ کچرا سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے کراچی والوں کا خاص طور پر مشکور ہوں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو بھی کراچی میں ساتھ مل کر چلنے کی پیشکش کی ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024