عثمان بزدار  نئے وزیراعلیٰ پنجاب  منتخب

Aug 19, 2018 | 13:29

ویب ڈیسک

 پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار پنجاب کے نئے وزیراعلی منتخب ہوگئے، عثمان بزدار نے 186 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے، پیپلز پارٹی نے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل کے دوران کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دیا،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے سے ہے، انہوں نے عملی سیاست کا آغاز 2001 کے بلدیاتی انتخابات سے کیا۔ اتوار کواسپیکر چوہدری پرویز الہی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے دوران تحریک انصاف کے عثمان بزدار نے 186 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے۔وزیراعلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے اراکین کو اسپیکر کے دائیں اور بائیں جانب جمع ہو کر ان کی گنتی کے عمل سے کیا گیا تاہم پیپلز پارٹی نے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل کے دوران کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دیا۔ اسپیکر اسمبلی نے عثمان بزدار کو ووٹ دینے والے اراکین کو اسمبلی ہال کے دائیں جانب اور حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے اراکین کو بائیں جانب لابی میں جمع ہونے کی ہدایت کی جس کے بعد ہال کے دروازے بند کرادیے گئے جب کہ اسپیکر نے ہدایت کی کہ جب تک اراکین کی گنتی مکمل نہیں ہوتی کوئی رکن باہر نہیں جائے گاووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کی کامیابی کا اعلان کیا۔اسمبلی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی توپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور شورشرابا کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیرا ﺅ کرکے شدید نعرے بازی کی۔ ن لیگی ارکان نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہورہی ہے۔ تاہم اسپیکر نے احتجاج کی پرواہ کیے بغیر اجلاس کی کارروائی جاری رکھی۔ ۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے سے ہے، انہوں نے عملی سیاست کا آغاز 2001 کے بلدیاتی انتخابات سے کیا۔سردار عثمان بزدار یکم مئی 1969 کو ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کے گاوں بارتھی میں پیدا ہوئے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم بارتھی میں حاصل کی ، تونسہ سے میٹرک اور ملتان کی بہاالدین زکریا یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کیا۔ سردار عثمان کی 5 بہنیں اور 5 بھائی ہیں اور بھائیوں میں وہ سب سے بڑے ہیں، ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار ستر کی دہائی میں سرکاری اسکول میں گریڈ 14 کے ٹیچر تھے ۔ تاہم بعد میں ملازمت سے مستعفی ہو کر سیاست میں آئے اور تین مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ عثمان بزدار سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں مسلم لیگ (ق) کے پلیٹ فارم سے دو مرتبہ ٹرائبل ایریا کے تحصیل ناظم رہ چکے ہیں، 2013 میں انہوں نے مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لیا لیکن ہار گئے۔ حالیہ الیکشن سے قبل وہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حلقہ پی پی 286 سے 26 ہزار 8 سو 97 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔ نومنتخب وزیراعلی پنجاب کا آبائی علاقہ بارتھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے جہاں نہ بجلی ہے، نہ پختہ سڑک اور نہ کوئی کالج، ڈی جی خان کے قبائلی علاقزین اور بغل چھر میں یورینیم کے بیشتر ذخائر ان کی ملکیتی زمین سے نکلے جس سے پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔

مزیدخبریں