نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی 21رکنی کابینہ کل حلف اٹھائے گی ،کابینہ میں 16وفاقی وزراء اور 5مشیر شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا ء (آج )پیر کی صبح ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ سینیٹر فروغ نسیم کو قانون وانصاف کی وزارت جبکہ شیریں مزاری کو وزارت انسانی حقوق، فواد احمد چوہدری کو اطلاعات و نشریات، اسد عمر خزانہ، شیخ رشید احمد کو ریلوے، پرویز خٹک کو دفاع اور نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور سونپی گئی۔اس کے علاوہ غلام سرور خان کو پیٹرولیم، طارق بشیر چیمہ کو ریاستی اور سرحدی امور، زبیدہ جلال کو دفاعی پیداوار، عامر محمود کیانی کو صحت، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شفقت محمود کو وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، فہمیدہ مرزا کو بین الصوبائی رابطہ اور خالد مقبول صدیقی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ، خسرو بختیار کو آبی وسائل کے قلمدان سونپے گئے ۔ نئی وفاقی کابینہ میں متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم)کے 2وزراء شامل کیے گئے جبکہ ق لیگ، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس(جی ڈی اے) اور عوامی مسلم لیگ کے حصے میں ایک ایک وزارت آئی ، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کو کوئی وزارت نہیں دی گئی۔وفاقی کابینہ میں پانچ مشیر بھی شامل کیے گئے ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق گورنر ڈاکٹرعشرت حسین مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ہوں گے جبکہ امین اسلم کو مشیرماحولیاتی تبدیلی، محمد شہزاد ارباب کو مشیراسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق دائود کو مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور ظہیر الدین بابر کو مشیر برائے پارلیمانی امور مقرر کیا گیا ۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024