اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 3 فلسطینی شہید،250 زخمی
غزہ(آئی این پی)غزہ میں جاری فلسطینی مظاہرین پر صیہونی افواج نے بربریت کی تازہ مثال قائم کرتے ہوئے بے دریغ فائرنگ کرتے ہوئے 3نہتے فلسطینیوں کو شہید اور 250کو زخمی کر دیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنایا جائے اور فلسطینیوں کی زمین پر سے قبضہ ختم کیا جائے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے اکیسویں جمعے کو بھی اسرائیل کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھا۔ صیہونی فوج کی فائرنگ سے مزید تین فلسطینی شہید اور ڈھائی سو زخمی ہوگئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق ہزاروں فلسطینیوں نے نمازہ جمعہ کے بعد رام اللہ، مغربی کنارے اور دیگر علاقوں میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے وجود کے روز سے غزہ بدر کئے گئے آٹھ لاکھ فلسطینیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت دی جائے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنایا جائے اور فلسطینیوں کی زمین پر سے قبضہ ختم کیا جائے۔ احتجاج کے دوران ہزاروں فسلطینی غزہ اسرائیل سرحد پر جمع ہوئے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرے کے دوران صیہونی نشانہ بازوں نے فائرنگ کرکے مزید تین فلسطینیوں کو شہید اور دو سو پچاس سے زائد کو زخمی اور متعدد کو گرفتار کرلیا ہے۔
نیویارک(آئی این پی این این آئی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے غزہ کی شہری آبادی کے تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کر دیں، اقوام متحدہ کی موجودگی بڑھائی جائے، ترقیاتی سرگرمیاں تیز،مبصرین کی موجودگی یقینی اور اقوام متحدہ کے پرچم تلے فوج اور پولیس تعینات کی جائے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے غزہ کی شہری آبادی کے تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے چار تجاویز پیش کی ہیں۔ گوٹیرش کے مطابق غزہ میں اقوام متحدہ کی موجودگی کو بڑھایا جائے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ترقیاتی سرگرمیاں تیز کی جائیں، حساس علاقوں میں مبصرین کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور اقوام متحدہ کے پرچم تلے فوج اور پولیس تعینات کی جائے۔ گوٹیرش کے بقول کسی بھی تجویز پر اسرائیل اور فلسطین کی رضامندی کے بغیر عمل نہیں کیا جا سکتا۔اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں مزید بیس ہزار نئے رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ فلسطینیوں نے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیت المقدس میونسپلٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ فلسطینی شہر میں صنعتی علاقوں اور ہوٹلوں کے ساتھ بیس ہزار سے زائد نئی عمارات تعمیر کی جائیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ شہری ازسرنو بحالی اقدام کا حصہ ہے۔ پراجیکٹ کی مالیت 379 ملین ڈالر ہے۔ دوسری جانب فلسطینی حکام نے اسرائیل کے اس نئے اقدام پر شدید مذمت اور احتجاج کیا ہے۔