ملتان چیمبر آف کامرس پر 59 سال سے ایک گروپ قابض ہے: تاجر رہنما
ملتان (سماجی رپورٹر) چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق‘ کنوینئر فرینڈز آف ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری ذوالفقار علی انجم نے کہا ہے کہ تاجروںاور صنعتکاروں کے مفاد میں ملتان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی بہتری کے لئے فرینڈز آف ملتان چیمبر انتخابات میں حصہ لے رہا ہے مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن ووٹر لسٹ سے غلط ووٹرز کا اخراج اور صحیح ووٹوں کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب گروپ کی جانب سے ملتان چیمبر کے ممبران اور ممتاز صنعت کاروں کے اعزاز میںدیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں شیخ احسن رشید‘ خواجہ محبوب الرحمان‘ میاں قیصر شبیر‘ چوہدری الطاف شاہد‘ ملک وقار اعوان‘ اظہر بلوچ‘ میاں محمد آصف‘ شاہد محمود خان‘ شیخ ارشد‘ شیخ محمد طارق‘ چوہدری ذوالفقار علی سلیم ناصر‘ شیخ فیصل سعید‘ ظفر اقبال صدیقی‘ شمشاد جعفری‘ احمد چغتائی‘ خواجہ فاضل ‘ سید اعجاز شاہ‘ احتشام الحق‘ شیخ عبدالحق‘ ملک الطاف ارائیں‘ ممتاز علی بابر‘ انور سلیم کین‘ مرزا انوارالرحمان سمیت ممبران چیمبر تاجروں صنعت کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ملتان چیمبر ہمیشہ چند افراد تک محدود رکھا گیا ہے ممبران کو کبھی کسی معاملہ میں اعتماد میں نہیں لیا گیا گزشتہ 59 سال سے ایک مخصوص گروپ چیمبر پر قابض چلا آ رہا ہے ہر فرد پر چھ سات بار صدر منتخب ہو چکا ہے چیمبر کی ممبر شپ کو وسعت دینے کی بجائے دانستہ کورم کو کم کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے 16 ہزار ممبرز ملتان چیمبر چھ سے سات سو افراد پر مشتمل ہے ہمارے کوئی ذاتی مقاصد نہیں ملتان چیمبر کی بہتری کے لئے میدان عمل میں نکلے ہیں۔ ووٹر لسٹ کے مطابق کارپوریٹ کلاس کے ممبران کی تعداد 138 ہے اور 7 مجلس عاملہ کی نشستیں دی جارہی ہیں جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کے 300 ممبران کے لئے 5 نشستیں مختص کی گئی ہیں جو کہ چھوٹے تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔