اشرف غنی کا الزام مسترد، زخمی طالبان کو پاکستان میں علاج کی سہولیات نہیں د ی گئیں: ترجمان د فتر خارجہ
اسلام آباد(آئی این پی ) دفتر خارجہ نے افغان طالبان کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کا الزام مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے من گھڑت بیانات اور الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے،افغانستان نے تاحال اپنے اس الزام کا کوئی ثبوت یا شواہد فراہم نہیں کیے۔ تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے گزشتہ روز الزام لگایا تھا غزنی شہر میں جھڑپوں میں زخمی افغان طالبان کو پاکستانی ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اشرف غنی کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہاغزنی کی جنگ میں زخمی طالبان جنگجوں کو پاکستانی ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات نہیں دی گئیں۔ افغانستان نے تاحال اپنے اس الزام کا کوئی ثبوت یا شواہد فراہم نہیں کیے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا سرکاری سطح پر دونوں ممالک کے درمیان رابطے منقطع ہیں جس کے باعث ان اطلاعات کو اہمیت نہیں دی جا سکتی۔ افغانستان کی جانب سے اس قسم کے من گھڑت بیانات اور الزامات محض منفی پروپیگنڈا ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔