ڈی جی کے ڈی اے نے نیب زدہ شخص کو5 محکموں کا چارج دیدیا
کراچی(رپورٹ علی عباس)ادارہ ترقیات کراچی کے ڈائریکٹر جنرل کا کمال ایک نیب زدہ شخص کو ایک ساتھ 5 محکموں کا چارج دیدیا۔ پانچوں محکمے ادارے میں سونے کی چڑیا سمجھے جاتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل کا موقف ہے کہ انہیں ادارہ چلانا ہے اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کرنا ہے اس کے لئے انہیں ایک ایسے ہی افسر کی ضرورت تھی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی کے ایک افسر عطا عباس زیدی کو ایک ساتھ پانچ محکموں کا چارج دیدیا گیا ان میں محکمہ فنانس، محکمہ ریکوری، ڈائریکٹر بچت بازار، روڈ کٹنگ اور چارج پارکنگ شامل ہیں۔ادارہ ترقیات کراچی کے 5اہم عہدوں پر جس افسر کو تعینات کیا گیا ہے ان کے خلاف نیب میں 30کروڑ سے زائد کرپشن کے کیس چل رہے ہیںجس میں وہ 2سال جیل میں گزار کر آئے ہیں۔ اور اس وقت ضمانت پر ہیں، مذکورہ افسر گریڈ 7میں 1993ء میں بھرتی ہوئے اور پیسے، اثرو رسوخ استعمال کرکے گریڈ 19میں ترقی حاصل کی۔ جبکہ ان کی تعلیمی اسناد کی بھی انکوائری چل رہی ہے جس میں ان کی تعلیمی اسناد جعلی قرار دیا گیا ہے۔ ان تمام معاملات پر جب ان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کیس چل رہے ہیں، مجھے سزا نہیں ہوئی۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ گریڈ 7سے 19میں کیسے آئے تو ان کا کہنا تھا کہ بھاری نذر انہ پیش کرکے آیا ہوں۔