ٹھٹھہ صادق آباد کے رہائشی نوجوان میں کانگو وائرس کا شبہ، ٹیسٹ پر ہی تصدیق ہوگی: ڈاکٹر، کانگو سے بچائو کا حفاظتی سپرے کرایا جائے: اہل علاقہ
ٹھٹھہ صادق آباد (نامہ نگار) ٹھٹھہ صادق آباد کے رہائشی23 سالہ نوجوان ممکنہ کانگو وائر س کا شکار، تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ صادق آباد کے نواحی چک نمبر135د س آر (جدید) کے رہائشی 23سالہ نوجوان محمد سجاد ولد محمد شریف کو شدید بخار اور جسم پیٹ پر شدید سرخ دھبے نمودار ہونے پر رورل ہیلتھ سنٹر ٹھٹھہ صادق آباد لایا گیا۔میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد وقاص کی طرف سے اس کا چیک اپ کیا گیا۔ علامات ظاہر ہونے کے پیش نظر رورل ہیلتھ سنٹر ہسپتال ٹھٹھہ صادق آباد میں رات کے وقت کانگو وائر س کی بیماری کے ٹیسٹوں کی سہولت موجود نہ ہونے پر محمد سجاد میں ممکنہ کانگو وائرس کی تشخیص ہونے پر فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں ریفر کردیا گیا۔نوجوان میں کانگووائرس کی ممکنہ تشخیص ہونے کے بعد ٹھٹھہ صادق آباد و نواح میں عوام کے اندر شدید خوف وہراس پھیل گیا، جبکہ ٹھٹھہ صادق آباد و نواح کے سیاسی سماجی عوامی حلقوں نے محکمہ صحت پنجاب، محکمہ لائیوسٹاک،ڈپٹی کمشنر خانیوال سے نوٹس لیتے ہوئے ٹھٹھہ صادق آباد ونواح میں کانگو وائرس سے بچائوکا حفاظتی سپرے کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔