وزیراعلیٰ پنجاب کےلئے عثمان بزدار بہتر انتخاب
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار نامزد کردیا ہے۔ عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی تقرری ترقی سے محروم علاقے سے تعلق کی بناءپر کی گئی ہے جہاں لوگوں کے پاس پانی، بجلی، ہسپتال نہیں۔ سردار عثمان بزدار کو بخوبی علم ہے کہ پسماندہ علاقے کے لوگ کن حالات میں زندگی گزارتے ہیں۔ ان کے گھر میں بھی بجلی نہیں ہے۔ پسماندہ علاقوں کو اوپرلانے کے لئے وہ زبردست کام کریں گے۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں عثمان بزدارپنجاب کے حلقے پی پی 286 ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ سردار عثمان بزدار مشرف دور میں تحصیل ٹرائیبل ایریا ضلع ڈیرہ غازی خان کے دومرتبہ ناظم رہ چکے ہیں۔ وہ پنجاب صوبہ محاذ میں بھی شامل ہو ئے تھے۔ سردار عثمان خان بزدار کی عمر 49 سال ہے۔ انہوں نے بنیادی تعلیم اپنے آبائی علاقہ بار تھی ٹرائیبل ایریا سے حاصل کی۔ماسٹرز کے بعد ایل ایل بی کا امتحان پاس کیا۔ وہ تونسہ بار کے رکن ہیں۔ ان کا تعلق متوسط طبقہ سے ہے کوئی جاگیر وڈیرے نہیں، ہمیشہ عوام کے درمیان ہوتے ہیں۔ پاکستان میں پہلے بھی غلام حیدر وائیں جیسے کارکن وزیراعلیٰ اور محمد خان جونیجو جیسے متوسط طبقے کے لوگ وزیراعظم بنتے رہے مگر آج کے موروثی سیاست کے دور میں ایسے لوگوں کا آگے آنا محال ہے۔ عمران خان کا بزدار کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ درست نظر آتا ہے۔ ان کا انتخاب جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے اور پسماندہ علاقے کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے میں ممدو معاون ثابت ہو سکتا ہے۔