تارکین وطن کو ووٹ ڈالنے کی اجازت
سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی۔آئی ووٹنگ نتائج کا حصہ بنائی جائے۔تارکین وطن ضمنی الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔عمران خان و دیگر کی درخواست پر فیصلہ۔ حکم پر عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ نادرا اس کام میں معاونت کرے،چیف جسٹس
وطن سے دور دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کیلئے یہ بڑی خوشخبری ہے کہ سپریم کورٹ نے انہیں انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی ہے۔ یہ تارکین وطن کا دیرینہ مطالبہ تھا جو بالآخر پورا ہو گیا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے اجازت کے بعد اب لاکھوں تارکین وطن ملک میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ عدالت عظمیٰ کے احکام پر عملدرآمد کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جو نادرا کے تعاون سے ایسا نظام وضع کرے جس میں آئی ووٹنگ کو باآسانی شفاف نتائج کا حصہ بنایا جا سکے۔ جدید سہولتوں کی دستیابی کے باعث ووٹروں کی رجسٹریشن اور ان کا ووٹ کاسٹ کرنا اب آسان ہو گیا ہے اصل مسئلہ ان ووٹوں کی مکمل شفافیت کے ساتھ تصدیق اور بوگس ووٹنگ کی روک تھام ہے جس کے لئے ایک مضبوط سسٹم باآسانی بنایا جا سکتا ہے۔ عدالت عظمی کے احکامات کی روشنی میں کسی شک یا شکایت کی صورت میں ان ووٹوں کو علیحدہ شمار کرکے مکمل چھان بین کے بعد ووٹنگ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے بیرون ملک پاکستانیوں کا یہ دیرینہ مطالبہ تسلیم کرکے انہیں ووٹ کا حق دے کر ان کے دل جیت لئے ہیں۔