عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے پر آبائی علاقہ میں جشن

Aug 19, 2018

میانوالی(آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف نے جب بطور وزیراعظم پاکستان حلف اٹھا تو ان کے آبائی علاقے میانوالی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،راولپنڈی میں ریڑھی بانوں نے مفت ناشتہ تقسیم کیا ۔اطلاعات کے مطابق عمران خان کی تقریب حلف برداری کے بعد جہاں ملک بھر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں وہیں عمران خان کے آبائی علاقہ میانوالی میں بھی مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ عمران خان کی حلف برداری کی خوشی میں راولپنڈی کے ایک ریڑھی بان نے مفت ناشتہ تقسیم کیا۔راولپنڈی کے راجا بازار میں ریڑھی بان نے ناشتہ کرنے آئے گاہکوں سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔ ریڑھی بان کا کہنا ہے کہ مجھے عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی بے حد خوشی تھی ، عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے اور حلف لینے کی خوشی میں آج میں نے تمام گاہکوں کو مفت ناشتہ کروایا اور کسی سے پیسے وصول نہیں کیے۔اس کے علاوہ پشاور ، لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔اس دوران کارکنوں نے نئے پاکستان ، وزیراعظم عمران خان ، پاکستان زندہ باد ، وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

جشن

مزیدخبریں