نوازشریف کی گرتی دیوار کو سہارا نہیں دینگے‘ مصطفی نواز کھوکھر
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی )پیپلز پارٹی پنجاب نے کہا ہے کہ تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے اسے نہیں بچائیں گے نہ نواز شریف کی گرتی دیوار کو سہارا دیں گے، جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانی سے آئی، اس کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جمعہ کو پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر نے آصف زرداری سے کچھ نہ مانگنے کے متعلق نواز شریف کے بیان کو رد کرتےہوئے کہا کہ رسی جل گئی لیکن بل نہ گیا، نااہل ہو گئے مگر جھوٹ بولنے کی عادت نہ گئی،(ن) لیگ کمزور ہوتی ہے تو پاﺅں پکڑتی ہے، اس کا عملی مظاہرہ کئی ماہ سے جاری ہے، خواجہ آصف سے خواجہ سعد رفیق کے بیانات اس بات کو ثبوت ہیں کہ (ن) لیگ والے ترلے منتوں پر آ گئے ہیں،ہم کیا تردید کریں نواز شریف کے بیان کو خود ان کے وزرا کے بیانات رد کر رہے ہیں، خواجہ آصف کا ٹی وی چینل پر بیٹھ کر آصف زرداری سے دوستیاں جتانا منتیں نہیں تو کیا ہیں ۔ زرداری صاحب کے متعلق بازاری زبان استعمال کرنے والے خواجہ سعد کو اب زرداری صاحب سمجھدار کیوں لگ رہے ہیں۔