احمد رضا قصوری کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اور پارٹی تقسیم کرنے کے اقدامات پر نکالا گیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان نے کہا ہے کہ احمد رضاقصوری کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اورپارٹی کو تقسیم کرنے جیسے اقدامات کی بناپر نکالا گیا، گمراہ کن پروپیگنڈہ نہ کریں۔اے پی ایم ایل کے آئین میں چیف کوآرڈینیٹر کا عہدہ سرے سے موجود ہی نہیں،قصوری نے کس حیثیت سے مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا؟اس طرح چیلے اکٹھے کر کے پارٹی کی صدارت حاصل نہیں کی جاسکتی۔گزشتہ روز احمد رضا قصوری کی طرف سے آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد پر بے بنیاد تنقید کے جواب میں پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ احمد رضا قصوری کو ڈاکٹر محمد امجد نے نہیں،خود ساختہ پارٹی صدر بننے پر پارٹی چیئرمین سید پرویز مشوف نے پارٹی سے نکالا ہے۔اس سے قبل بھی قصوری کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نکالا گیا تھا،معافی مانگ کر واپس آئے تھے، ویڈیوز موجود ہیں۔پرویز مشرف کے مخلص سپاہی ہونے کے دعویدار قصوری کی اب مشرف پر بے جا تنقید سے’ دال میں کچھ کالا‘نظرآتا ہے۔کل تک پرویز مشرف کے گیت گانے والوں کی آج ان کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے پر ظاہر ہوتا ہے کہ مال ملنا بند ہوگیا۔