گیگا گروپ کی جانب سے گیگا مال میں جشن آزادی کے رنگا رنگ پروگرام
اسلام آباد( نیوز ڈیسک)گیگا گروپ نے وطن عزیز کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان میں اپنی طرز کے منفرد اور سب سے بڑے شاپنگ سنٹر گیگا مال میں رنگا رنگ تقریبات منعقد کیں اور گذشتہ سال کی طرح امسال بھی جشن آزادی بھرپور احترام ووقار اور جوش و خروش سے منایا۔ اس سلسلے میں 11 سے 14اگست تک جاری رہنے والی چار روزہ تقریبات میں جڑواں شہروں اور ملک کے دیگر حصوں سے ہزاروں فیملیز، خواتین و حضرات، بچوںبڑوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آزادی سٹال لگائے گئے جن میں جشن آزادی کے حوالے سے مصنوعات دستیاب تھیں،لائیو میوزک اور کاروں اور موٹر بائیکس کی سجاوٹ کا مقابلہ اور بچوں کی دنیا اورپاکستانی ثقافت کے حوالے سے پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ جشن آزادی تقریبات کا نقطہ عروج 13اگست کی شب گیگا مال میںپیش کیا جانے والا موسیقی کا پروگرام تھا جس میں ملک کے نامور فنکاروں علی عظمت، نتاشا، رابی پیرزادہ اور احمد علی بٹ نے اپنے فن اور سروں کا جادو جگایااور قومی گیت گا کر حاضرین و سامعین کے دل جیت لیے۔ شب 12بجکر ایک منٹ پر قومی ترانہ پڑھا گیا اور بعدازاں گیگا مال کی چھت سے آتش بازی کا شاندار اور فقیدالمثال مظاہرہ کیا گیاجس سے گیگا مال کے گردونواح اور جی ٹی روڈ پر موجود ہزاروں افراد محظوظ اور لطف اندوزہوئے ۔ کافی دیر تک جاری رہنے والی عظیم الشان آتش بازی کے دوران فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔