پنجاب میں 3 ترقیاتی سکیموں کیلئے 2 ارب 71 کروڑ 30 لاکھ روپے فنڈز منظور
لاہور(نیوزرپورٹر)حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 12ویںاجلاس میں روڈ سیکٹر کی3ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر2 ارب 71کروڑ30لاکھ 15ہزار روپے کی منظوری دے دی ۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 12ویں اجلاس میں جن 3ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں سرگودھا میں سرگودھا تا گجرات (سیکشن جھل چکیاں تا بھلوال) (لمبائی 38.50کلومیٹر) روڈ کی کشادگی و بہتری (ترمیمی)کیلئے 62 کروڑ 48 لاکھ 12 ہزار روپے، ضلع چکوال میں قدروال تا نیلا (لمبائی 43 کلومیٹر) روڈ کی کشادگی و بہتری(ترمیمی) کیلئے 78کروڑ 57 لاکھ 96 ہزار روپے اور ضلع لاہور میں رائیونڈ کے مقام پرریلوے ٹریک کے اوپر فلائی اوور کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 30 کروڑ 24 لاکھ 7 ہزار روپے شامل ہیں۔