اورنج لائن ٹرین کو میٹرو بس اور لاہور سٹیشن سے منسلک کیا جائے گا: خواجہ احمد حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت اورنج لائن ٹرین کو میٹرو بس اور لاہور ریلوے سٹیشن سے منسلک کر دیا جائے گا۔ ٹرین سے بس اور بس سے ٹرین تک پیدل چل کر جانے والوں کی سہولت کے لئے دو خصوصی راستے بنائے جائیں گے۔ منصوبے پر پونے تین ارب روپے لاگت آئے گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس مقصد کے لئے خواہشمند انجینئرنگ فرموں اور کنٹریکٹرز کی پری کوالفیکشن کے لئے 9ستمبر2017ء تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ شہریوں کی سہولت کے لئے میٹرو ٹرین کو میٹرو بس سے منسلک کرنے کے لئے جین مندر کے مقام پر زیر زمین بنائے جانے والے اورنج لائن کے انار کلی سٹیشن سے میٹرو بس کے ایم اے او کالج سٹیشن تک زیر زمین راستہ تعمیر کیا جائے گا تاکہ پیدل چلنے والے سڑک پر آئے بغیر ہی ایک سے دوسری جگہ پہنچ سکیں۔