ذاتی تناظر میں ڈائیلاگ‘ مذاکرات منافقت ہو گی‘ نفیسہ شاہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اپنے خلاف فیصلہ آنے کے بعد آئین کی بالادستی کےلئے قومی ڈائیلاگ کیضرورت پیش آ گئی ہے، چار سال وہ پارلیمنٹ نہیں آئے، وہ اپنے آپ کو بچانے اور بحال کرانے کےلئے قومی ڈائیلاگ کرانا چاہتے ہیں، جمہوریت کا مطلب شریف خاندان نہیں ، ذاتی تناظر میں مذاکرات کرنا منافقت ہو گی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کرپشن، سیکیورٹی پر قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، اس کےلئے ٹائمنگ اہمیت کی حامل ہے، تمام جماعتیں اپنے ایجنڈے تیار کر رہی ہیں اور مصروف ہیں، نواز شریف کے خلاف فیصلہ آیا ہے اور وہ ذاتی حیثیت میں متاثر ہوئے ہیں اور وہ قومی ڈائیلاگ کو ذاتی تناظر میں کرنا چاہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا، حکومت نے آئین کی بالادستی اور ووٹ کے تقدس گزشتہ چار سال میں پارلیمنٹ میں کوئی آ کر ڈائیلاگ کیا اور اب ڈائیلاگ کی ضرورت پیش آ گئی ہے۔