صرف سیاستدانوں کا احتساب ہوتا ہے, آئین توڑنے والوں کو کچھ نہیں کہا جاتا : غلام احمد بلور
اسلام آباد (این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ صرف سیاستدانوں کا احتساب ہوتا ہے,آئین توڑنے والوں کو کچھ نہیں کہا جاتا سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں،آصف زرداری مذاکرات سے بھاگنے والے نہیں ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ ہو چکا ہے‘ احتساب کےلئے صرف سیاستدانوں کا رخ کیوں کیا جارہا ہے۔ سیاستدانوں کا احتساب عوام بھی کرتے ہیں اور عدالتوں کے ذریعے بھی کیا جاتا ہے لیکن وہ احتساب سے بھاگتے نہیں ۔ آصف زرداری کے نواز شریف کے ساتھ ملاقات یا مذاکرات نہ کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں جو لوگ قتل ہوتے ہیں ان کے لواحقین بھی جرگے میں بیٹھتے ہیں لیکن آصف زرداری مذاکرات سے بھاگنے والے نہیں۔