سیرالیون میں سیلاب‘ طوفان: ہلاکتوں کی تعداد 409 سے تجاوز کر گئی‘ 600 لاپتہ
واٹر لو (اے ایف پی) اقوام متحدہ نے مغربی افریقی ملک سیرالیون میں مزید نقصانات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب اور طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 409 سے تجاوز کرچکی ہے۔ اقوام متحدہ کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق سیرالیون کے دارالحکموت فری ٹاؤن میں طوفان اور سیلاب کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 409 تک پہنچ گئی ہے۔ نعشوں کو دفنانے کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ ایک اندازے کے مطابق 600 افراد لاپتہ ہیں، کئی عمارتیں اب بھی سیلاب اور کیچڑ میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ حکومت نے عوام کو محفوظ علاقے کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ دارالحکومت کے پہاڑی علاقے میں بھی بڑا شگاف پڑ چکا ہے، سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب حفاظتی تدابیر نہ اپنانے پر حکومت پر سخت تنقید کی جا رہی ہے جہاں غربت زدہ عوام سمندر کے کنارے آباد تھے جبکہ پہاڑی علاقے میں غیرقانونی تعمیرات ہوئی تھیں۔