سعودی عرب نے7لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیج دیا
ریاض(اے این این)سعودی عرب نے سات لاکھ سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک کو واپس بھیج دیا ہے ، سعودی عرب کی عمومی نظامت برائے پاسپورٹس کے ڈایریکٹر میجر جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحیی کے مطابق معافی سکیم کے تحت مزید 46 ہزار لوگوں کو واپس بھیجا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران میں سات لاکھ سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن معافی کی سکیم کے تحت اپنے آبائی ممالک کو واپس چلے گئے ہیں۔ میجر جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحیی نے بتایا ہے کہ یہ تارکینِ وطن ویزے اقامت اور ملازمت کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے تھے اور انہیں خلاف ورزی کے مرتکبین کے بغیرمہم کے تحت واپس بھیجا گیا ہے ۔مزید غیر قانونی تارکین وطن بھی اس مہم سے فائدہ اٹھا کر واپس جا سکتے ہیں اور اگلے مرحلے میں مزید چھیالیس ہزار غیر قانونی تارکین وطن کو سعودی عرب سے ان کے ممالک کو واپس بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس ایمنسٹی مہم کی مدت جولائی کے آغاز میں ختم ہو گئی تھی اور سعودی حکام نے اس کے بعد دوسرے مرحلے پر بھی کام شروع کردیا تھا ۔